حیدرآباد ۔ /13 مئی (سیاست نیوز) سعیدآباد آبزرویشن ہوم فار بوائز (بچوں کی جیل) سے 15 کم عمر لڑکے صبح کی اولین ساعتوں سنسنی خیز انداز میں فرار ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آبزرویشن ہوم میں محروس لڑکوں نے آہنی سلاخیں کاٹ کر راہ فرار اختیار کی ۔ اس بات کا پتہ آج صبح اُس وقت چلا جب ہوم کے عملہ نے آہنی سلاخیں کٹی ہوئی پائی اور محروس لڑکے غائب ہوگئے ۔ آبزرویشن ہوم کے عہدیداروں نے فوری سعیدآباد پولیس اسٹیشن سے ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے ہوم اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جس میں یہ صاف ظاہر ہوا ہے کہ لڑکوں نے وہاں سے گروپ کی شکل میں راہ فرار اختیار کی ۔ ڈائرکٹر جونائل کرکشن سرویسیس شیلاجا نے آبزرویشن ہوم پہونچ کر اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور وہاں کے عملے کی لاپرواہی پر کارروائی کا انتباہ دیا ۔ پولیس سعیدآباد نے بتایا کہ آبزرویشن ہوم سے فرار ہونے والے 15 کم عمر لڑکوں کا تعلق شہر حیدرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی اور محبوب نگر سے ہے اور وہ مختلف مقدمات میں ملوث پائے جانے کے نتیجہ میں انہیں یہاں رکھا گیا تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔