دارالعلوم نور مدینہ میں جلسہ میلاد النبیﷺ سے مولانا انوار احمد امجدی اور دیگر کا خطاب
ورنگل /3 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دارالعلوم نور مدینہ کے افتتاحی و جلسہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقدہ احاطہ محبوبیہ پنجتن کالج ورنگل سے خطاب کرتے ہوئے مولانا انوار احمد امجدی نے کہا کہ بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی دلوائی جانی چاہئے۔ آج کے مسابقتی دور میں عصری تعلیم بھی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ دارالعلوم نور مدینہ کا قیام خوش آئند ہے، اس مدرسہ کے ذمہ داروں نے بچوں کو حفظ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انگریزی تعلیم کا بھی انتظام کیا ہے۔ جلسہ کی صدارت حضرت سید شاہ حیدر ہلال الدین قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت معشوق ربانی عرس جاگیر نے کی، جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر عزیز احمد عرسی، سید امیر الدین حسینی، جناب خواجہ محمد حسن شریف، مولانا خواجہ نجم الدین گیلانی، مولانا حسام الدین عاجز اور دیگر نے شرکت کی۔ مولانا انوار احمد امجدی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ سبحانہ و تعالی نے رحمۃ للعالمین بناکر مبعوث فرمایا۔ آپﷺ نے ساری زندگی امت کی فکر اور پوری انسانیت کو راہ راست پر لانے کے لئے وقف کردی تھی۔ اللہ تعالی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ قرآن مجید دنیا میں بھیجا، جس میں ہدایت اور قانون موجود ہے۔ قرآن مجید آسمانی کتابوں میں افضل درجہ و مقام رکھتی ہے، قرآن مجید اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات ہمارے لئے نجات کا ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر کوئی قرآن کے معنی کو سمجھ نہیں سکتا، یہ علم اللہ تعالی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دے کر بھیجا۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: اگر اس قرآن مجید کو پہاڑ پر نازل کیا جاتا تو پہاڑ ریزہ ریزہ ہو جاتا‘‘۔ اس موقع پر مولانا حسام الدین دارالعلوم انوار مدینہ کے مقصد قیام کے تعلق سے کہا کہ اکثر دیکھا جا رہا ہے کہ حفاظ کرام حفظ کی تکمیل کے بعد تراویح پڑھاتے ہیں یا پھر کسی مسجد کے امام یا بچوں کو عربی ٹیوشن پڑھانے میں مصروف رہتے ہیں۔ عصری تعلیم نہ حاصل کرنے کی وجہ سے انھیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے نور مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی ملتان نگر کاشی بگہ روڈ ورنگل نے طلبہ کو حفظ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انگریزی میڈیم کی تعلیم کا بھی نظم کیا ہے، لہذا دارالعلوم نور مدینہ میں اسی لڑکے کو داخلہ دیا جائے گا، جو انگریزی میڈیم کے ساتھ حفظ کی تکمیل کرے۔ اس طرح حفاظ کرام زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کرسکیں گے۔ اس موقع پر مسرز ایم اے غفار نائب صدر مرکزی میلاد کمیٹی ہنمکنڈہ ورنگل، خلیق الزماں، محمد قادر علی، ایم اے نعیم، سید محمد حسین برتر، عبد الرحمن، محمد بدرالزماں، ڈاکٹر محمد یعقوب علی، ایم اے قدیر، محمد ربانی اور دیگر بھی موجود تھے۔