جگتیال 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)فسطائی طاقتیں اسلام دشمن بنی ہوئی ہیں ۔ علماء کو قرآنی تعلیمات پر عمل کرنا اور اس کو عام کرنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار مفتی سعید اکبر امام و خطیب جامع مسجد نظام آباد صدر تحفظ ختم نبوت نے آج جگتیال میں مدرسہ تحفیظ القرآن میں طلباء میں منعقدہ مسابقہ القرآن مقابلہ کے موقع پر منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مفتی سعید اکبر اور حافظ محمد کلیم الدین حافط محمد غوث الدین نے ججس کے فرائض انجام دیئے بعدازاں منعقدہ جلسہ میں مفتی سعید اکبر اور دیگر علماء کرام نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کو اپنی اولاد کے ایمان کی حفاظت اور دینی تعلیمات سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس پرآشوب دور میں فسطائی طاقتیں دنیا بھر میں مسلمانوں اور دین اسلام کے خلاف نئے نئے فتنے برپا کرتے ہوئے اسلام کو بد نام کرنے کی کوشش کررہے ہیں ایسے میں دینی مدارس مسلمانوں کی نئی نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو حافظ قرآن اور عالم دین بنائیں اور گھروں میں قرآن مجید کی تلاوت اور نمازوں کا اہتمام کرنے کی تلقین کریں ۔ قرآن مجید انسان کو گمراہی سے نکال کر راہ راست پر چلانے والی دنیا کی واحد مقدس کتاب ہے اس موقع پر مسابقہ القرآن مقابلوں میں مدرسہ ہذا کے جملہ 16 طالبات نے حصہ لیا جس میں 6 طلباء کو انعام کیلئے منتخب کیا گیا ۔ محمد مذکر محمد سمیر محمد ، عبدالمغنی، سید عرفان ، محمد نوید ، محمد طاہر حسین کو اس جلسہ میں نقد انعامات کے علاوہ دینی کتب دیئے گئے اور بقیہ طلباء کو بھی ترغیبی انعامات دیئے گئے ۔ اس جلسہ کی صدارت حافظ شیخ سرور ناظم مدرسہ جامع عربیہ تحفیظ القرآن نے کی ۔ اس موقع پر مولانا مشتاق احمد قاسمی مولانا عبدالرحمن ، مفتی صدیق مولانا فاروق اور جگتیال کے حفاظ اکرام علماء اکرام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔