بوچارڈ آج پہلے اور کیویٹووا دوسرے ومبلڈن خطاب کی خواہاں

لندن ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایجین بوچارڈ گرانڈ سلام کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی کینیڈا کی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے اور کل ومبلڈن 2014ء کے خطابی مقابلہ میں ان کا مقابلہ 2011ء کی چمپیئن چیک جمہوریائی کھلاڑی پیٹرا کیویٹوا سے ہوگا۔ 20 سالہ بوچارڈ تیسری مرتبہ خوش قسمت ثابت ہونے کیلئے اپنی تمام توانائیاں کل کے مقابلہ میں صرف کردیں گی جیسا کہ وہ پہلے ہی آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں لی نا اور فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں ماریا شاراپوا کے خلاف ناکام ہوچکی ہیں

لیکن ومبلڈن میں وہ کیویٹوا کو شکست دے کر پہلا خطاب حاصل کرنے کی خواہاں ہیں۔ ومبلڈن میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ پہلے ہی وہ دنیا کی سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں اپنا مقام بنا لیا ہے کیونکہ فائنل کا نتیجہ کچھ بھی ہو لیکن پیر کو جب تازہ ترین درجہ بندی کا اعلان ہوگا تو بوچارڈ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل رہیں گی۔ بوچارڈ نے سیمی فائنل میں فرنچ اوپن کی رنراپ سیمونا ہالیپ کو 7-6,6-2 سے شکست دیکر خطابی مقابلہ میں جگہ بنائی ہے۔ دوسری جانب کیویٹوا نے اپنے سیمی فائنل مقابلہ میں ہم وطن روسی سفاروا کو شکست دیکر 2011ء کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور وہ اب دوسرے ومبلڈن خطاب کیلئے کوشاں ہیں۔