بوپنا ڈیوس کپ ٹیم میں شامل، مہیش بھوپتی نظر انداز

ممبئی 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )آل انڈیا ٹینس فیڈریشن (اے آئی ٹی ایف) کی سلیکشن کمیٹی نے ہفتہ کو ڈبلز مقابلے کے ماہر کھلاڑی روہن بوپنا کو ڈیوس کپ کے لئے منتخب چھ رکنی ٹیم میں واپس بلا لیا۔اندور میں 31 جنوری سے شروع ہو رہے ڈیوس کپ کے تحت ہندوستانی ٹیم ایشیا / اے آئی ٹی ایف کے گروپ 1 میں چینی تائی پے سے مقابلہ کرے گی۔ملک کے بڑے ٹینس کھلاڑی لینڈر پیس نے چونکہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اس سال کے لئے ٹینس سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے ، وہیں گزشتہ تین سال سے ڈیوس کپ میں حصہ نہ لینے والے ایک اور ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی کو بھی ڈیوس کپ میں جگہ نہیں دیا گیا ہے ۔لندن میں ہوئے گزشتہ اولمپکس میں لینڈر پیس کے ساتھ جوڑی بنانے سے انکار کرنے پر بھوپتی اور بوپنا کو ستمبر ، 2012 میں آئی اے ٹی ایف نے دو سال کے لئے پابندی لگادی تھی۔ تاہم دونوں کھلاڑی کرناٹک ہائی کورٹ سے اپنے اوپر لگے پابندی پر روک لگانے کا حکم حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔حال ہی میں سڈنی انٹرنیشنل ٹینس ٹورنمنٹ میں اپنے پاکستانی جوڑی دار اعصام الحق، قریشی کے ساتھ رنر اپ رہے بوپنا آئندہ ڈیوس کپ میں واحد ڈبلز مقابلے کے ماہر کھلاڑی ہیں۔سلیکٹروں نے بوپنا کے علاوہ ، ساکیت مانینی، سوم دیو دیوورمن ، یو کی بھامبھیر،جیون اور نوجوان رام کمار رامناتھن کا انتخاب کیا ہے ۔

کریس گیل ’’سوپر50 ‘‘کیلئے جمیکا کے کپتان مقرر
کنگسٹن 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے اوپنربیٹسمین کرس گیل اسی ماہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں ہونے والے ویسٹ انڈیز این اے جی آئی سی او سوپر 50 کرکٹ ٹورنمنٹ میں جمیکا کی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق ، قومی سلیکشن کمیٹی نے جمیکا کی کپتانی کے لئے گیل کی سفارش کی تھی ، جسے جمیکا کرکٹ اسوسی ایشن بورڈ کی میٹنگ میں منظور کر لیا گیا ۔