بوپنا جوڑی کی بریان بھائیوں کیخلاف شاندار کامیابی

ومبلڈن۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کے مرد زمرے کے ڈبلز مقابلوں میں ٹورنمنٹ کا سب سے حیران کن نتیجہ برآمد ہوا ہے ، جیسا کہ ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور اُن کے ساتھی کھلاڑی فلورین مرجیا نے سرفہرست امریکی بھائیوں کی جوڑی بریان برادرس کو ایک سخت مقابلے میں شکست دی ہے ۔ دو گھنٹے 34 منٹ طویل اس سنسنی خیز مقابلے میں پہلا سٹ گنوانے کے باوجود بوپنا جوڑی نے 5-7، 6-4، 7-6(9) ، 7-6(5) کی کامیابی حاصل کی ہے ۔ چوتھے سٹ میں بریان بھائیوں نے تین میچ پوائنٹس میں دو نشانات محفوظ کرنے میں کامیابی حاصل کی لیکن اہم موقع پر فلورین نے اپنی دوسری سرویس میں ایس مارتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔ حالانکہ اس مقابلے میں ناکام جوڑی نے بوپنا جوڑی کے برعکس 155 کی بجائے 160 نشانات حاصل کئے لیکن انھیں ناکامی برداشت کرنی پڑی ۔ گراس کورٹ پر بوپنا جوڑی کے مظاہرے انتہائی شاندار ہیں جیسا کہ اس جوڑی نے ومبلڈن میں شرکت سے قبل اسٹورٹ گرٹ میں خطاب حاصل کرنے کے علاوہ ہال (جرمنی) میں منعقدہ ٹورنمنٹ کے فائنل میں بھی رسائی حاصل کی تھی ۔