ہال (جرمنی) ۔17 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسٹوٹ گارٹ اوپن میں بہتر مظاہرے کرنے والی ہند ۔ رومانیائی جوڑی روہن بوپنا اور فلورین مرجیا نے یہاں گیری ویبر اوپن میں بھی بہتر مظاہرے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مرد زمرے کے ڈبلز کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ٹورنمنٹ میں دوسرے درجہ کی اس جوڑی نے چیک جمہوریائی کھلاڑی لوکاس روسلس اور یوکرین کے کھلاڑی سرجی کے خلاف 2-6، 6-3 ، 10-8 کی کامیابی حاصل کی ۔ حریف جوڑی نے مقابلے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا سٹ بہ آسانی اپنے نام کرلیا لیکن دوسرے سٹ میں واپسی کے ساتھ بوپنا جوڑی نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ بوپنا جوڑی نے تیسرے اور فیصلہ کن سٹ میں ذمہ دارانہ مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔