حیدرآباد۔/5 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے بوٹانیکل گارڈن میں حاملہ خاتون بنگی عرف پنکی کے سنسنی خیز قتل کیس میں ملوث 3 ملزمین کے خلاف سخت پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ہے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بنگی کے قتل کیس میں ملوث 36 سالہ ممتا جھا، وکاس کیشپ اور امرکانت جھا کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال فبروری میں علاقہ سائبر آباد کونڈا پور بوٹانیکل گارڈن میں 8 ماہ کی حاملہ بنگی کا بہیمانہ طور پر قتل کرکے اس کی نعش کے ٹکڑے کردیئے گئے تھے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے خاطیوں کا پتہ چلایا تھا اور مذکورہ تین ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ اس سنسنی خیز قتل میں ملوث ہونے اور اپنی غیر قانونی سرگرمیوں سے عوام کو خوفزدہ کرنے کے نتیجہ میں تینوں ملزمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔