بولٹ کی ہیٹ ٹرک، پاکستان کو 47 رنز سے شکست

ابو ظہبی ۔8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹرینٹ بولٹ کی شاندار ہیٹ ٹرک سے نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ابتدائی وکٹ 13 رنز پر گری جب شاہین شاہ آفریدی نے ووکر کو آوٹ کیا جس کے بعد کولن منرو نے اسکور میں تیزی سے 29 رنز کا اضافہ کیا تاہم شاہین آفریدی نے انہیں بھی نشانہ بنایا۔ روس ٹیلر نے ابتدائی 2 وکٹیں 36 رنز پر گرنے کے بعد کپتان ولیمسن کا ساتھ نبھایا تاہم ولیمسن انفرادی طور پر 27 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 78 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کا نشانہ بن گئے۔ کپتان کے آوٹ ہونے کے بعد ٹام لیتھام نے ٹیلر کے ساتھ مل کر شاندار شراکت قائم کی اور اسکور کو 208 رنز تک پہنچایا اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ ٹام لیتھام 208 رنز کے اسکور پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے ۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان اسپنر شاداب خان نے بہتر بولنگ کا مظاہرہ تاہم وہ معمولی فرق سے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہیں کرپائے تاہم ایک ہی اوور میں لیتھام، نیکولس اور گرینڈ ہوم کو آوٹ کیا۔ عماد وسیم نے نیوزی لینڈ کو اس وقت شدید دھکا دیا جب 80 رنز بنا کر ذمہ دارنہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روس ٹیلر کو پویلین کی راہ دکھا دی جس کے بعد ایش سودھی اور ٹم ساوتھی نے اسکور کو 252 تک پہنچایا۔سودھی 24 اور ساوتھی 20 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا کر پاکستان کو ایک معقول ہدف دے دیا۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے فی کس4 وکٹیں حاصل کی ۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو تیسرے اوور میں ہی 3 وکٹوں کا بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا جب ٹرینٹ بولٹ نے اپنے کریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے ڈینی موریسن نے 1994 میں ہندوستان اور شین بانڈ نے 2007 میں آسٹریلیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی ، یہ نیوزی لینڈ کی ونڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی بھی ہیٹ ٹرک تھی۔ ٹرینٹ بولٹ نے 8 کے اسکور پر پاکستان کے اوپنر فخر زمان کو آوٹ کیا جس کے بعد بابراعظم اور محمد حفیظ کو مسلسل گیندوں پر آوٹ کرکے ہیٹ ٹریک کا اعزاز حاصل کیا۔ امام الحق نے 34 اور شعیب ملک نے 30 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی ۔ پاکستان کی پوری ٹیم 48 ویں اوور کی دوسری گیند پر 219 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔ ہیٹ ٹرک کرنے والے ٹرینٹ بولٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف گزشتہ 11 ونڈے اور 4 سیریز سے ناقابلِ شکست ہے،پاکستان نے کیوی ٹیم کے خلاف اپنا آخری میچ 4 سال قبل 14 دسمبر 2014 کو شارجہ میں جیتا تھا۔