بولنگ ایکشن میں سدھار کیلئے اجمل کی سخت محنت جاری

کراچی۔ 5 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کو اُمید ہے کہ ان کا اسٹار اسپنر سعید اجمل ورلڈ کپ سے پہلے اپنے بولنگ ایکشن کو بہتر کر لے گا کیونکہ ماہرین کی ٹیم ان کیساتھ سخت محنت کر رہی ہے جس سے کہ اس بات کا یقین ہو سکے کہ وہ اس اہم ترین ٹورنمنٹ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔پی سی بی کے میڈیکل اور اسپورٹس سائنس کے سینئر جنرل منیجر ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ جلد ہی اجمل کے معاملے میں کچھ اچھی خبر ملے گی۔سلیم نے کہا کہ سعید کے بولنگ ایکشن میں سدھار ہوگا کیونکہ ثقلین مشتاق کی زیرقیادت ماہرین کی ٹیم روزانہ دو مرحلے میں ان کیساتھ کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ثقلین کے مشورہ سے سعید کو کافی مدد ملی ہے اور اس کا مقصد ورلڈ کپ سے پہلے انہیں بولنگ ایکشن ٹیسٹ کیلئے تیار کرنا ہے۔