بولروں کا ناقص مظاہرہ، ہندوستان کو ہنوز 26 رنز کا خسارہ

برسبین ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جو یہاں برسبین کے گبا میں کھیلے جارہے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے تیسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو اسے ایک بہتر سبقت حاصل کرنے کا موقع دستیاب تھا لیکن ہندوستانی بولروں کے ایک اور ناقص مظاہرہ کے علاوہ حریف بولروں کو کھل کر نصف سنچریاں بنانے دینے کا موقع فراہم کرنے کی وجہ سے اسے اب مشکل صورتحال سے گذرنا پڑ رہا ہے۔ دن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں مرلی وجئے کے نقصان کے بعد 71 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ شکھردھون 65 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 26 اور چیٹیشور پجارا 35 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے مرلی وجئے 39 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 27 رنز اسکور کئے ہیں۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں اپنا خسارہ ختم کرنے کیلئے ہنوز 26 رنز اسکور کرنے ہیں۔ آسٹریلیا کے لئے واحد کامیابی مچل اسٹارک نے حاصل کی جنہوں نے بولنگ میں پہلی تبدیلی کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے 4 اوورس میں 10 رنز کے عوض وجئے کو بولڈ کیا۔

قبل ازیں آسٹریلیائی ٹیم نے آج صبح اپنی پہلی اننگز 221/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور نومنتخب کپتان اسٹیو اسمتھ کی بحیثیت کپتان پہلی سنچری اور مچل جانسن کے علاوہ مچل اسٹارک کی نصف سنچریوں کی بدولت 505 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیائی بیٹسمینوں نے تیزی کے ساتھ رنز اسکور کئے جیسا کہ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کے رنز بنانے کا اوسط فی اوور 4.60 رہا۔ اسمتھ آسٹریلیا کیلئے بحیثیت کپتان پہلے ہی مقابلہ میں سنچری بنانے والے نویں کپتان بنے۔ اسمتھ نے 191 گیندوں میں 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 133 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کو آج پہلی کامیابی جلد ہی مل گئی جب مچل مارش 11 رنز بنا کر ایشانت شرما کی بولنگ پر بولڈ ہوئے جس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈین (6) کو ورون آرون نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس موقع پر آسٹریلیا کا اسکور 247/6 تھا لیکن اس نازک صورتحال پر اسمتھ اور جانسن نے ساتویں وکٹ کیلئے 148 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ۔

جانسن نے 93 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 88 رنز بنائے۔ نویں نمبر پربیٹنگ کرتے ہوئے مچل اسٹارک نے 59 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 52، نیتھن لیون 23 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 23 اور آخری نمبر کے بیٹسمین جوش ہیزل ووڈ جنہوں نے پہلے ٹسٹ کھیلتے ہوئے بولنگ میں 5 وکٹیں جیتی بیٹنگ میں بھی 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 32 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کیلئے ایشانت شرما نے 117 اور اومیش یادو نے 101 رنز کے عوض فی کس 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ورون آرون 145 اور روی چندرن اشون 128 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ بولروں کی جوڑی ایشانت اور آرون نے بالترتیب 5.08 اور 5.57 کی اوسط سے فی اوور رنز دیئے۔