جلوس کو کامیاب بنانے کل جماعتی اجلاس میں حکمت عملی کی تیاری
بودھن /23 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر یہاں بودھن میں مولانا عبدالحمید سائح کے زیر نگرانی ایک کل جماعتی کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ اس کمیٹی کے زیر اہتمام 3 مارچ 2018 بروز ہفتہ کو طلاق ثلاثہ بل کے خلاف خواتین کے بھاری جلوس و ریالی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تین مارچ کو صبح 10 تا 11 بجے کے درمیان بودھن شہر کے مختلف بلدی حلقوں سے خواتین ڈاکٹر علاقہ اقبال اردو گھر میں جمع ہوں گے ۔ جہاں سے ہاتھوں میں طلاق ثلاثہ بل کے خلاف تحریر کردہ پلے کارڈس و بیانرس تھامے خواتین کا جلوس اردو گھر سے براہ امیڈکر چوراستہ سے ہوتے ہوئے ( یوٹرن ) لیکر واپس سب کلکٹر آفس پہونچے گا اور سب کلکٹر بودھن کو یادداشت حوالے کی جائے گی ۔ آج بودھن کی تمام مساجد میں نماز جمعہ کے دوران تین تاریخ کو مقررہ خواتین کے جلوس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی اور ہر ایک بلدی حلقہ میں تحفظ شریعت کمیٹی و اصلاح معاشرہ کمیٹیوں کی جانب سے خواتین میں بیداری لانے اجتماعوں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی گئی ۔ گذشتہ روز مرحبہ پیالیس فنکشن ہال میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں خواتین کے جلوس کو کامیاب بنانے حکمت عملی تیار کی گئی جس میں دو روز کے علاقوں سے اردو گھر تک خواتین و لڑکیوں کو لانے سواریوں کا انتظام کرنے اور پینے کا پانی و دیگر بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے جلوسیوں کا تعاون کرنے بعض معزز افراد کو ذمہ داریاں دی گئیں ۔ اس اجلاس میں موجود بعض افراد نے خواتین کے جلوس کو کامیاب بنانے رضاکارانہ طور پر اپنی جانب سے نقد رقم پیش کی ۔