بودھن میں کانگریس کو اکثریت

بودھن /12 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ماہ مارچ کی 30 تاریخ کو مجلس بلدیہ بودھن کی 35 نشستوں کیلئے ہوئی رائے دہی کی آج نظام آباد مستقر پر واقع نرملہ ہردیا ہائی اسکول میں رائے شماری ہوئی ۔ بودھن کے شہری کسی بھی ایک سیاسی جماعت کو کونسل میں اکثریت سے منتخب نہیں کیا لیکن کانگریس پارٹی نے سب سے زیادہ 15 نشستیں جیت کرر پہلا مقام پایا اور اس طرح ٹی آر ایس 9 ایم آئی ایم 7 بی جے پی 3 اور ٹی ڈی پی نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ۔ اس انتخابات میں جملہ 16 مسلم ارکان بلدیہ منتخب ہوئے جن میں سے نصف تعداد خواتین کی ہے ۔ کانگریس پارٹی میں 6 ایم آئی ایم سات اور ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر تین مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ اس انتخابات میں ٹاون صدر کانگریس مسٹر ستیم اور صدر مجلس بودھن مسٹر احمد عبدالسمیع کے علاوہ کاگنریس پارٹی کے سینئیر رکن مسٹر جی پرساد اور ایم آئی ایم کے معطل شدہ سابقہ رکن بلدیہ مسٹر شیخ علیم الدین اور ایم آئی ایم کے سکریٹری مسٹر ظہیرالدین بابر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ گذشتہ کونسل میں نمائندگی کرنے والے صرف دو ارکان بلدیہ کو عوام نے منتخب کیا ان کے علاوہ ایک سابقہ رکن بلدیہ بھی ٹی ڈی پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ۔ گذشتہ کونسل میں نمائندگی کرنے والی دو خواتین ارکان بلدیہ کے شوہر اس مرتبہ منتخب ہوئے ۔