بودھن۔یکم اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر ان دنوں ڈینگو بخار کی لپیٹ میں آگیا ہے۔شہر کے ایک محلہ کرسچن کالونی میں تقریباً 50افراد بشمول چھوٹے بچے شدید بخار سے متاثر ہیں ان میں سے 20مریضوں کو تقریباً ایک ہفتہ سے شدید بخار ہے۔ جن میں سے ایک مریض کے خون کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں ڈینگو مرض ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد حیدرآباد علاج کیلئے منتقل کیا گیا۔ ضلع ملیریا آفیسر ڈاکٹر لکشمیا نے بودھن کا دورہ کرتے ہوئے تقریباً 50افراد کے خون کے نمونے حاصل کرلئے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع نظام آباد میں صرف گورنمنٹ ہاسپٹل میں ہی مکمل خون کی جانچ کی سہولت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شدید بخار سے متاثر مریض اپنے بخار کی گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد میں تشخیص کروائیں۔ بودھن شہر میں ان دنوں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ صاف ستھرا بھارت پروگرام چل رہا ہے تو دوسری جانب بخار وبائی مرض ہے۔ مجلس بلدیہ بودھن کیلئے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ مرض بخار میں گھرے ہوئے محلوں کا صدر نشین بلدیہ مسٹر ایلیا نے بلدی عملے کے ساتھ دورہ کیا اور انہوں نے سڑکوں اور نالیوں کی عدم صفائی پر عملے کے افراد پر برہمی کا اظہار کیا اور انہوں نے مقامی عوام سے بلدیہ کی جانب سے جاری صفائی کے کاموں میں تعاون کرنے کی خواہش کی۔