بودھن میں مدرسہ کی اراضی کے تحفظ کی کوشش

انتظامی کمیٹی کا اجلاس، احاطہ دیوار تعمیر کرنے اور دیگر امور پر غور و خوض
بودھن /17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ انوار العلوم بودھن کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے آج مدرسہ ہذا میں محبان اردو کے ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اجلاس میں مدرسہ کی اراضی پر موجود ناجائز قبضوں کو برخاست کرنے کے علاوہ کھلی اراضی پر غیر مجاز دعویداروں کو باز رکھنے وکلاء سے قانونی رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتظامی کمیٹی کے صدر جناب سید ریاض الحسن نے حاضرین اجلاس کو واقف کروایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے مدرسہ سے متصل سرکاری کواٹرس میں قیام پزیر بعض افراد مدرسہ کی فاضل اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مدرسہ کی فاضل اراضی کی حفاظت کے لئے احاطہ کی دیوار تعمیر کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مدرسہ ہذا میں طالبات کے لئے عربی تعلیم کے ساتھ نصابی تعلیم کا بھی نظم رکھا گیا اور مدرسہ کی فاضل اراضی پر مدرسہ حفاظ کے لئے جگہ فراہم کرنے انتظامی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں مدرسہ نسواں اور مدرسہ حفاظ برائے طلبہ کے لئے درمیان پردہ کی دیوار تعمیر کرنے اور طلبہ و طالبات کے لئے دو علحدہ راستے قائم کرنے کا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے۔ آج کے اجلاس میں مدرسہ انوارالعلوم برائے نسواں اور مدرسہ حفاظ کی انتظامی کمیٹی کے صدور جناب ریاض الحسن اور ڈاکٹر عبد الرحیم کے علاوہ نائب صدر نشین بلدیہ بودھن حبیب خان قدیر اعزازی صدر مدرسہ انوار العلوم اور رکن بلدیہ سید رفیع الدین، سابق رکن بلدیہ سید اشفاق علی، کبیر احمد محبوب گلشنی، شیخ ذاکر، سید ضمیر، غفار حان موظف تحصیلدار، عطاء اللہ، معین الدین، عبد السمیع، لائق علی، میر غوث علی، رحیم الحسن، اقبال احمد، عبد الستار، علیم الدین، مرزا جواد بیگ، فصیح الدین، ایاز احمد، سعید اللہ کے علاوہ شہریان بودھن کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا اختتام مفتی شیخ جابر امام جامع مسجد رئیس پیٹ کی دعاء پر ہوا۔