بودھن ۔13جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تقریباً تین سال سے زائدعرصہ سے مجالس مقامی کے انتخابات نہ ہونے اور اب انتخابات کے بعد نتائج کا اعلان ہونے کے باوجود مجلس بلدیہ بودھن کے نومنتخب ارکان بلدیہ کی حلف برداری و صدرنشین کے انتخابات تعطیل کا شکار ہونے کی وجہ سے شہر میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے بودھن شہر میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے تجاویز طلب کئے ہوئے تقریباً ایک سال کا عرصہ گذرا ‘ مقامی انتظامیہ نے تقریباً 12کروڑ روپیوں پرمبنی ترقیاتی کاموں کے منصوبہ کو قطعیت دینے کی اطلاع ہے لیکن تاحال کاموں کا آغاز عمل میں نہ آسکا جس کی اہم وجہ غیر مجاز قائدین کی مداخلت بتائی جاتی ہے ۔ سرکاری عہدیدار نومنتخب ارکان کی موجودگی میں ہی ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنا چاہتے ہیں ‘ ارکان ارکان بلدیہ کی حلف برداری میں تاخیر کے باعث شہر میں صاف صفائی کا نظام اور موسم باراں کے آغازسے قبل سڑکوں اور موریوں کی تعمیر و درستگی کا کام انجام نہ دیئے جانے کے باعث بارش کے آغاز سے قبل ہی شہریان بودھن کی ایک بلدی مسائل سے دوچار ہورہے ہیں ۔ سڑکوں پر کھڈے اور ڈرینج صحیح نہ ہونے کے باعث ڈرینج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے ‘ سلمس علاقوں کاحال بہت برا ہے ۔ بلدی حلقہ نمبر ایک ‘دو سے لیکر سات تک اور دس ‘ گیارہ ‘ بارہ نمبر بلدی حلقوں میں سڑکیں جابجا اکھڑ چکی ہے ۔ یہاں بھاری لاریوں کی آمد و رفت اور سڑکوں کے کنارے لاریاں پار کئے جانے کی وجہ سے سڑکوں اور موریوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور اس طرح قدیم شہر بودھن سیبلدی حلقوں میں بھی ناقص صفائی اور ناکارہ سڑکوں و ڈرینجس کے باعث یہاں بھی شہریاں بودھن کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔