بنگلہ دیش 70 رنز پر ڈھیر، ویسٹ انڈیز 177 رنز سے فاتح

سینٹ جارج 23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی جانب سے بچکانہ بیاٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور مہمان ٹیم 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز نے یہاں منعقدہ دوسرے ونڈے میں 177 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے بنائے جانے والے مجموعی اسکور 247/7 کے تعاقب میں نہ صرف بنگلہ دیشی ٹیم کو بہتر مظاہرہ کرنے کی ضرورت تھی بلکہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں خود کو برقرار رکھنا تھا لیکن ساری ٹیم 24.4 اوورس میں 70 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ونڈے کرکٹ میں بنگلہ دیش کا یہ انتہائی شرمناک مظاہرہ ہے اور اقل ترین مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم ڈھیر ہوگئی

جبکہ آخری سات وکٹیں صرف 13 رنز کے اضافہ کے بعد 8 اوورس کے دوران پویلین پہونچ گئی۔ ویسٹ انڈیز کے لئے سنیل نارائن اور کیمر روچ نے بنگلہ دیشی بیاٹنگ شعبہ کو تہس نہس کرتے ہوئے اپنے درمیان 32 رنز کے عوض 6 وکٹیں تقسیم کرلیں۔ میان آف دی میچ سنیل نارائن نے 7 اوورس میں 13 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کیمر روچ 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بنگلہ دیش کے لئے اوپنر تمیم اقبال نے اعظم ترین انفرادی اسکور 37 رنز بنائے۔ جبکہ دیگر کوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکا۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے کریس گیل (58) اور ڈیرن براوؤ (53) کی نصف سنچریوں کی بدولت قابل دفاع اسکور بنایا۔ بنگلہ دیش کے لئے مشرف مرتضیٰ نے 39 رنز کے عوض 3 وکٹیں جبکہ الامین حسین نے 60 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔