نئی دہلی۔7اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں سلور میڈل حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف تین مقابلوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 2-1گول سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ڈھاکہ میں منعقدہ اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ایشیاء گیمس کیلئے تیاری کا بہتر آغاز کیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف بنگلہ دیش نے مقابلہ کا شاندار آغاز کیا جیسا کجہ مقابلے کے 30ویںمنٹ میں فرحت احمد نے گول کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو سبقت دلوائی لیکن دو منٹ بعد ہی گرجندر سنگھ نے گول کرتے ہوئے مقابلے کو مساوی موقف میں لاکھڑا کیا ۔ دو منٹ بعد ہی مڈفیلڈر ہرجیت سنگھ نے گول بناتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو سبقت دلوادی ۔ مقابلہ میں 2-1کی کامیابی کے بعد گرجیندر سنگھ کو میان آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کیلئے یہ سیریز اس لئے بھی اہمیت کے حامل ہے کیونکہ اس سیریز کیلئے ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے جو کہ ایشین گیمس کے ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں۔