میرپور۔ 3؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ کٹر حریف ہندوستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ میں یادگار کامیابی حاصل کرنے کے بعد پُراعتماد پاکستانی ٹیم کل ایشیاء کپ کے اپنے آخری گروپ مرحلہ کے مقابلہ میں میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی کے ساتھ فائنل میں اپنی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہوگی۔ پانچ ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے ایشیاء کپ 2014ء کی سرفہرست دو ٹیمیں خطابی مقابلہ کھیلے گی، جیسا کہ پاکستان نے اپنے تین مقابلوں میں 9 نشانات حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی کے لئے پسندیدہ موقف حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان کے لئے اس کے ’بوم بوم‘ کھلاڑی شاہد آفریدی نے گزشتہ رات ہندوستانی بولر روی چندرن اشون کی متواتر دو گیندوں پر دو چھکے مارتے ہوئے پاکستان کو سنسنی خیز کامیابی دلوائی ہے۔ پاکستان نے اس مقابلہ میں کامیابی کے بعد فائنل میں عملاً رسائی حاصل کرلی ہے جب کہ اسے ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلہ میں سری لنکا کے خلاف شکست ہوئی تھی، لیکن ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی افغانستان کرکٹ ٹیم کے خلاف کامیابی کے ذریعہ پاکستان نے فتوحات کی سمت واپسی کی تھی۔ بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی کے بعد جہاں پاکستانی ٹیم یقینی طور پر فائنل میں پہنچ جائے گی، وہیں ہندوستان کے لئے حالات انتہائی مشکل ترین ہوجائیں گے، کیونکہ ہندوستانی ٹیم اُسی وقت فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے،
جب سری لنکا کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے خلاف شکست ہو جوکہ ناممکن کے برابر ہے۔ ہندوستان کو پاکستان کے خلاف شکست سے قبل سری لنکا کے خلاف بھی منعقدہ مقابلہ میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور وہ ٹورنمنٹ میں صرف بنگلہ دیش کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی ہے۔ نیز وہ اپنا آخری مقابلہ افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم اپنے وقار کے لئے کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہوگی، کیونکہ اسے گزشتہ مقابلہ میں ٹورنمنٹ کی نوخیز ٹیم افغانستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو صرف ایک مرتبہ شکست دی ہے اور یہ کارنامہ اس نے انگلینڈ میں منعقدہ 1999ء ورلڈ کپ میں انجام دیا ہے۔ نیز گزشتہ ایڈیشن میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف خطابی مقابلہ کھیلا تھا اور وہ کل مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ کوشاں ہوگی کہ افغانستان کے خلاف ہوئی شکست ایک اتفاق تھا۔ بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم کے لئے ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی خوش آئند ہے جوکہ تین مقابلوں کی پابندی کی تکمیل کے بعد ٹیم میں واپسی کررہے ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہیں جب کہ نمبر 3 پر بیٹنگ کرنے والے محمد حفیظ نے ہندوستان کے خلاف 2 وکٹوں کے حصول کے علاوہ نصف سنچری کے ذریعہ فارم میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔ مصباح الحق جو گزشتہ دو مقابلوں میں رن آؤٹ ہوئے ہیں، وہ اس خامی پر قابو پاتے ہوئے دوبارہ فارم میں واپسی کے لئے کوشاں ہوں گے۔ بولنگ شعبہ میں فاسٹ بولر عمر گل اور اسپنر سعید اجمل پاکستان کے لئے کلیدی کھلاڑی ثابت ہورہے ہیں۔ مقابلہ میں حالات پاکستانی ٹیم کے حق میں ہونے کے باوجود مصباح الحق میزبان بنگلہ دیش کو آسان حریف تصور نہیں کرنا چاہتے اور کھلاڑیوں کو تن آسانی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مقابلہ کا آغاز ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق دوپہر 1.30 بجے ہوگا۔