بنگلہ دیش کی شاندار بیٹنگ، جنوبی افریقہ کو 331 رنز کا نشانہ

اوول (انگلینڈ)۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 331 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔اوول کے تاریخی میدان میں کھیلے جارہے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم دونوں اوپنرز 75 رنز کے مجموعے پر ہی آؤٹ ہوگئے۔تمیم اقبال آغاز سے ہی انتہائی محتاط نظر آئے اور کئی مواقع پر انہیں کھیلنے میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، انہوں نے 29 گیندوں پر 16 رنز کی سست اننگز کھیلی تاہم ان کے ساتھ اوپنر سومیا سرکار نے جارحانہ انداز اپنایا اور 30 گیندوں پر 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کے درمیان 142 رنز کی شراکت داری نے بنگلہ دیش کو بڑے ہدف کی جانب گامزن کردیا، دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے بالترتیب 75 اور 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔چھٹے نمبر پر آنے والے بلے باز محمود اللہ نے انتہائی شان دار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور آخری اوورز میں 33 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش نے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کی مضبوط باؤلنگ کے سامنے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر، پہیلوکوایو اور کرس مورس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کا کہنا تھا کہ وہ ایک اضافی فاسٹ باؤلر کے ساتھ میدان میں اتر کر بنگلہ دیش کو دباؤ میں لینے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے اہم بلے باز ہاشم آملہ کے سر پر گیند لگنے کی وجہ سے وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، جبکہ ان کی جگہ جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر کو شامل کیا گیا ہے۔اس موقع پر بنگلہ دیشی کپتان مشرف مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم متوازن ہے اور تمیم اقبال کی واپسی ہوئی ہے اور وہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کو اپنے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کے خلاف بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ وہ عالمی میلے میں اپنی پہلی جیت تلاش کر رہی ہے۔دوسری جانب انجری مسائل میں گھری بنگلہ دیشی ٹیم اپنی آئرلینڈ میں دکھائی گئی کارکردگی کو عالمی مقابلوں میں بھی جاری رکھنے کے لیے پْرعزم ہے۔گزشتہ ماہ آئرلینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔