بنگلہ دیش کو انگلینڈ کے دورے کی ہنوز امید

ڈھاکہ ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈھاکہ میں ریسٹورنٹ پر حملے میں 20 غیر ملکیوں کے ہلاکت کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا تھا کہ وہ تین ایک روزہ اور دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل دورۂ بنگلہ دیش کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عمل کرے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن نے اس واقعے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس ملک میں ایسا کچھ رونما ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ کا ردعمل دیکھا ہے جو بالکل فطری ہے، اگر ہم ان کی جگہ ہوتے تو ہم بھی ایسا ہی کرتے۔ تاہم انہوں نے انگلش ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیرس حملوں کے بعد بھی کھیل نہیں رکا تھا، کھیل کو چلتے رہنا چاہئے۔