بنگلہ دیش کوٹوئنٹی20 کے ماہر کھلاڑیوں کی ضرورت : کپتان

میرپور 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے پاکستان کے خلاف شکست کی وجہ مشرفی مرتضی اور ضیاء الرحمن کے دو اوورس کو قرار دیا اور کہا ہے کہ نشانہ 160 یا 170 رنز ہوتے تو ہم بناسکتے تھے۔ لیکن اس ناقص کارکردگی کا دفاع نہیں کروں گا، ہمارے پاس ٹوئنٹی20 کے ماہر اور میچ ونر نہیں کھلاڑی نہیں ہیں۔ جب تک ہمارے پاس شاہد آفریدی اور حفیظ جیسے بیٹسمین نہیں ہوں گے اور ہم اس طرز کی کرکٹ میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ٹورنمنٹ میں بعض اچھے اور مثبت نتائج بھی سامنے آئیں لیکن کھلاڑیوں کو احساس ذمہ داری دکھانا ہوگا۔ آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں ہمارے پاس کچھ گنوانے کو نہیں ہے اس لئے ٹورنمنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔ مشفق الرحیم نے کہاکہ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ دو اوورس میں مشرفی اور ضیاء نے چالیس رنز دیئے۔ جس نے ہمیں مقابلے سے دور کردیا۔ حالانکہ ہمارے اسپنرس نے اچھی بولنگ کی۔ احمد شہزاد نے اچھی بیٹنگ کی۔ شکست کے باوجود پاکستان کے خلاف میچ میں بہتری دکھائی ہے لیکن مزید بہتری کے ساتھ ٹورنمنٹ ختم کرنا چاہتا ہوں۔ کپتان نے کہا پاکستان، ہندوستان ،آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کے خلاف بہتر ٹیم کی طرح کھیلنا ہوگا۔ ہمارے گروپ کی بڑی ٹیمیں مضبوط تھیں، ہمارے کھلاڑی اس معیار کے نہیں تھے جس سے کارکردگی دکھا سکے۔

Leave a Comment