میزبانوں کو جوابی پہلی اننگز میں سبقت کیلئے مزید 70 رنز درکار، تمیم اور محمود کی ففٹیاں
چٹگانگ ، 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میں اپنا بہتر کھیل جاری رکھتے ہوئے آج یہاں دوسرے روز 179/4 اسکور کئے جبکہ بارش کی وجہ سے صرف 67 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوپایا۔ ہاشم آملہ کی زیرقیادت جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 248 اسکور کئے تھے۔ اس طرح بنگلہ ٹیم کو جوابی پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے کیلئے مزید 70 رنز بنانے ہیں۔ اوپنر تمیم اقبال اور مڈل آرڈر میں محمود اللہ نے میزبانوں کی طرف سے آج ہاف سنچریاں اسکور کئے۔ تمیم نے 57 اور محمود نے 67 رنز بنائے۔ جس اوور میں محمود آؤٹ ہوئے اسی اوور کے اختتام پر بارش شروع ہوگئی اور پھر مزید کوئی کھیل ممکن نہیں ہوا۔ جنوبی افریقہ کی بولنگ بالخصوص پیس اٹیک نے اگرچہ مشفق الرحیم اور ان کے ساتھی بیٹسمنوں کو کافی آزمایا لیکن کوئی بھی بولر فیصلہ کن بولنگ کا مظاہرہ نہیں کرپایا۔ اسٹرائیک بولر ڈیل اسٹین کوئی وکٹ نہیں لے پائے جبکہ ورنن فلانڈر، سائمن ہارمر، وان زیل اور ڈین ایلگار کو فی کس ایک وکٹ ملی۔ کپتان مشفق 16 اور آل راؤنڈر شکیب الحسن 1 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔