کینبرا۔ 18 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 105 رنز سے شکست دی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، اوپنرز انعام الحق اور تمیم اقبال نے 48 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی لیکن جلد ہی دونوں بیٹسمین افغانستانی بولر میرواعظ اشرف کا شکار بنے ۔اس موقع پر سومیا سرکار اور محمود اللہ نے 49رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کے اسکور کو 25اوورز میں 100 رنز تک پہنچایا۔ بعد ازاں مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے نصف سنچری بنا کر کے بڑے اسکور کی اُمیدوں کو برقرار رکھا۔ شکیب الحسن 51 گیندوں پر63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے مشفیق کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 114 رنز کی شراکت قائم کی۔مشفق الرحیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ 77رنزاسکور کئے۔ پوری ٹیم 267 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔افغانستان کی جانب سے شاہ پور زدران، میر واعظ اشرف ، حامد حسان اورآفتاب عالم نے فی کس 2وکٹیں لیں۔نشانے کے تعاقب میں افغانستان کی شروعات انتہائی ناقص رہی اور صرف تین رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے اور اس ابتدائی نقصان کے باعث افغان ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 162 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔افغانستان کے کپتان محمد نبی 44 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ سمیع اللہ شینواری نے 42 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضٰی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ اب تک بنگلہ دیش نے 294 بین الاقوامی ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جس میں صرف 85 میچز میں کامیابی ملی جبکہ 205 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔