ڈھاکہ ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں انتخابی حکام نے رائے دہی کی تاریخ کو مزید ایک ہفتہ کیلئے آگے بڑھا دیا ہے۔ یاد رہیکہ صرف ایک روز قبل ہی ملک کے اپوزیشن اتحاد نے انتخابات کو ایک ماہ تک آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب رائے دہی 30 ڈسمبر کو منعقد ہوگی جبکہ گذشتہ ہفتہ الیکشن کمیشن نے یہ اعلان کیا تھا کہ رائے دہی 23 ڈسمبر کو منعقد ہوگی۔ بنگلہ دیش کی کلیدی اپوزیشن بی این پی جس کی قیادت جیل کی سزاء کاٹ رہیں سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کرتی ہیں، نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ ہفتہ منعقد شدنی عام انتخابات میں حصہ لے گی کیونکہ 2014ء میں بی این پی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا جس میں وزیراعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کو اقتدار حاصل ہوا تھا تاہم یہ الزامات بھی عائد کئے گئے تھے کہ انتخابی عمل میں دھاندلیاں ہوئی ہیں۔