بنگلہ دیش میں لارڈ جگن ناتھ یاترا پر شرپسندوں کا حملہ، 6 زخمی

ڈھاکہ ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں اقلیتی ہندوؤں کی جانب سے نکالے گئے ایک مذہبی جلوس پر کچھ شرپسندوں نے حملہ کردیا جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب الٹو رتھ یاترا یا لارڈ جگن ناتھ کے رتھ کا الٹا سفر کا گوپال گنج ڈسٹرکٹ میں انعقاد کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کچھ مقامی شرپسندوں نے رتھ یاترا پر حملہ کردیا جو ہندو فرقہ کا ایک اہم تہوار قرار دیا جاتا ہے۔ اسکان کی جانب سے منظم کی گئی رتھ یاترا میں مردوں اور خواتین نے لارڈ کرشنا اور رادھا کے جیسے لباس زیب تن کر رکھے تھے اور رتھ کو کھینچ کر آگے بڑھ رہے تھے۔ رتھ یاترا ڈھاکیشوری نیشنل ٹمپل سے سوامی باغ کی جانب جارہی تھی کہ اچانک شرپسند لاٹھیوں کے ساتھ جلوس میں گھس گئے اور چھ ہندو عقیدتمندوں کو زخمی کردیا۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے رتھ یاترا کے مقام کو بھی تہس نہس کر ڈالا اور ایک عقیدتمند کے پاس سے سونے کے زیورات چھین کر فرار ہوگئے۔ بعدازاں کوٹلی پورہ پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج محمد قمرالفاروق نے بتایا کہ دو شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے اور مابقی شرپسندوں کی تلاش جاری ہے۔