بنگلہ دیش میں آسٹریلیائی ٹیم بس پر حملہ، سکیورٹی میں اضافہ

چٹگانگ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو ہوٹل لے جارہی بس پر منگل کے روز کسی نے پتھر مار کر حملہ کیا جس کے بعد اب مہمان ٹیم کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پیر کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد اس کے کھلاڑیوں کو واپس ہوٹل لے جارہی بس پر کسی نے پتھر مار کر حملہ کردیا جس میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ چٹگاؤں کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں دوسرا میچ کھیلا جارہا ہے ۔ سی اے کے سیکورٹی منیجر شان کیرل نے ایک بیان میں کہا کہ جب پیر کی رات ہمارے کھلاڑی واپس ہوٹل جارہے تھے ،اس وقت کسی نے ان پر حملہ کردیا ۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی کو چوٹ نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے سیکورٹی افسران فی الحال مقامی انتظامیہ سے بات کررہے ہیں جبکہ اس معاملے کی جانچ بھی کی جارہی ہے ۔ جبکہ بنگلہ دیشی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک حادثاتی ہوسکتا ہے۔ چٹگانگ ڈویژن پولیس کمشنر اقبال بہر نے کہا کہ بادی النظر میں لگتا ہے کہ آسٹریلیائی بس کی سیکورٹی میں لگی دوسری بس سے کوئی پتھر ٹکراکر ٹیم کی بس پر لگ گیا اور اس سے بس کی کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کی جانچ شروع کردی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ راستے میں تعمیری کام چل رہا ہے اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ واضح رہے آسٹریلیائی ٹیم نے سلامتی کی وجہ سے سال 2015 میں اپنا بنگلہ دیشی دورہ منسوخ کیا تھا جبکہ اس نے اسی سیشن میں اپنی انڈر 19 ٹیم کو بھی عالمی کپ کے لئے نہیں بھیجا تھا۔ دریں اثناء کیرل نے کہا کہ چٹگاؤں ٹسٹ کے دوسرے دن کا کھیل طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں بنگلہ دیش انتظامیہ کی جانب سے مل رہے تعاون سے اطمینان ہے ا۔ اس حادثہ کے بعد ٹیم کی سلامتی کو مزید بڑھادیا گیا ہے ۔