کُھلنہ ۔2مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان یہاں کھیلا گیا پہلا ٹسٹ میچ ڈرا ہوگیا ‘ جس میں بنگلہ دیش کے تمیم اقبال نے 206 رن بنایا جو ٹسٹ کرکٹ میں اس ملک کے کسی بھی بیٹسمین کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے ۔ انہوں نے اپنے کپتان مشفق رحیم کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 2013ء کے دوران گلے میں سری لنکا کے خلاف 200رن بناکر قائم کیا تھا ۔ میزبان بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں مہمان پاکستان کی طرف سے قائم کردہ 296 رن کی سبقت کو اُس وقت مسخر کرلیا جب دوسری اننگز میں کھیل کے پانچویں اور آخری دن چھ وکٹس کے نقصان سے 555 رن کا بھاری اسکور بنالیا ۔
اس میچ کے ڈرا ہوجانے کے بعد بنگلہ دیش ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں جس کی ماضی میں اس ( پاکستان) کے ہاتھوں تمام آٹھ ٹسٹ میچوں میں شکست ہوئی تھی ۔ ان دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور فائنل میچ چہارشنبہ کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا ۔ شیخ ابو ناصر اسٹیڈیم کی پیچ بولرس کیلئے سازگار ثابت نہیں ہوسکی ۔ جہاں پانچ دن کے دوران دونوں ٹیموں کے بولرس نے صرف 26وکٹس لیتے ہوئے 1,515رن دے چکے ہیں ۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 332 رن بنایا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے محمد حفیظ کی ڈبل سنچری کی مدد سے 628 رن کا بھاری اسکور بنالیا تھا ۔ بنگلہ دیشی بیٹسمین کے جارحانہ و طوفانی کھیل کے سبب پاکستان اپنے اس دورہ میں کم سے کم ایک کامیابی کیلئے ہنوز سخت جدوجہد میں مصروف ہے کیونکہ تین ونڈے انٹرنیشنلس کی سیریز میں اُس کو صفر کے مقابلے تین سے شکست ہوگئی تھی اور ایک ٹوئنٹی ۔20میں بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے ۔ پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین تمیم اقبال اور عمرالقیس نے ریکارڈ اوپنگ میں بہترین رفاقت کے ساتھ 312رن بناتے ہوئے پاکستان کی بھاری سبقت کو مسخر کرلیا ۔
بنگلہ دیشی ٹیم میں کسی بھی وکٹ کی رفاقت میں بنایا جانے والا یہ سب سے بڑا اسکور ہے ۔ قیس اپنی طوفانی اننگز میں تین چھکے اور 16چوکے لگانے کے بعد پاکستانی اسپنر ذوالفقار بابر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ‘ جس کے باوجود تمیم نے کسی دباؤ میں آئے بغیر جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ۔ لگ اسپنر یاسر شاہ کی دو گیندوں پر دو چھکے لگائے اور جنید خان کی گیند پر ایک اور چھکہ لگاتے ہوئے 201 رن کے انفرادی اسکور پر پہنچ گئے ۔ اس طرح انہوں نے شاٹ کی مدد سے اپنے موجودہ کپتان مشفق الرحیم کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 200رن بنایا تھا ۔چائے کے وقفہ سے عین قبل ایک اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تمیم آؤٹ ہوگئے ۔ ان کے اسکور میں سات چھکے اور 17چھکے شامل ہیں لیکن تمیم کے پویلین لوٹ جانے کے باوجود کھیل کے میدان پر پاکستانی ٹیم کی پریشانیوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا کیونکہ اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحقن میدان پر اتر آئے اور دھواں دھار بیٹنگ کے ذریعہ 76رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ انہوں نے محمد محمود اللہ (40) اور چھٹے وکٹ کی رفاقت میں سومیا سرکار(33) کے ساتھ اپنی ٹیم کیلئے 64رن بنائے ۔