بنگلہ دیش : اداکارہ نازنین کیس میں روبل حسین کی برأت

ڈھاکہ ، 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر روبل حسین کو اداکارہ نازنین اختر کی جانب سے دائر کردہ مقدے میں کلین چٹ دے دی۔ اداکارہ نے پہلے ہی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی عمدہ پرفارمنس پر مقدمہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ انوسٹی گیشن آفیسر حلیمہ خاتون نے ڈھاکہ کورٹ میں تفتیشی رپورٹ جمع کرا دی۔ کیس کی سماعت 13 اپریل کو مقرر ہے۔ رپورٹ میں پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے حوالے سے انھیں بولر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔ واضح رہے کہ نازنین نے گزشتہ برس 13 دسمبر کو میرپور پولیس اسٹیشن میں روبل پر شادی کرنے کے جھوٹے وعدے کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا، جس کے دو دن بعد انھیں چار ہفتوں کی ضمانت مل گئی تھی، لیکن اس کیس میں 8 جنوری کو انھیں جیل بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد عدالت نے 11 جنوری کو دوسری بار ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی دی تھی، جس پر وہ ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا کا سفر کر پائے تھے۔ اور پھر میگا ایونٹ میں انگلینڈ کے خلاف ’بنگال ٹائیگرز‘ کی فتح پر نازنین نے مقدمہ واپس لینے کا اعلان کر دیا تھا۔