نئی دہلی۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور آئی پی ایل کے پلے آف میں پہنچنے میں ناکام رہی لیکن اس ناکامی کے درمیان ہندستانی کرکٹ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ کوہلی کو اب ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے زیادہ وقت ملے گا۔آئی پی ایل کا 12 واں سیزن 12 مئی کو ختم ہونا ہے جبکہ ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی کو انگلینڈ میں ہونا ہے۔ ہندستان کا پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 5 جون کو ساوتھمپٹن میں ہونا ہے۔ ورلڈ کپ میں ہندستان کی سب سے بڑی امیدکپتان اور دنیا کے بہترین بیٹسمین کوہلی ہیں اگر بنگلور ٹیم پلے آف میں پہنچنے میں کامیاب رہتی تو کوہلی کو 12 مئی تک آئی پی ایل میں مصروف رہنا پڑتا تھا لیکن دہلی کیپٹلس کے خلاف 16 رنز سے شکست کے بعد بنگلور ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ بنگلورکو اب آخری مقابلہ 4 مئی کو سن رائزرس حیدرآباد سے کھیلنا ہے۔ اس طرح 4 مئی کو کوہلی کی آئی پی ایل میں مہم ختم ہو جائے گی۔ کوہلی کے پاس ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ کی تیاری کے لیے پورے 31 دنوں کا وقت رہے گا۔ کوہلی کے ساتھ بنگلور ٹیم میں شامل لیگ اسپنر یجویندر چہل کو بھی ورلڈکپ کی تیاری کے لئے اپنے کپتان جتنا وقت ملے گا۔ بنگلور ٹیم میں فاسٹ بولر نودیپ سینی شامل ہیں جو ہندستانی ٹیم کے ساتھ پریکٹس کے لئے انگلینڈ جائیں گے۔ہندوستانی کپتان نے آئی پی ایل میں اب تک 12 میچوں میں 35.25 کی اوسط اور134.71 کے اسٹرائک ریٹ سے 423 رن بنائے ہیں جن میں ایک سنچری اور دو نصف سنچری شامل ہیں۔ کوہلی نے اس آئی پی ایل میں 6، 46، 3، 23، 84، 41، 67، 8، 100، 9، 13 اور 23 کے اسکور کئے ہیں۔ ان کی آئی پی ایل ٹیم ساتھی چہل نے 12 میچوں میں 16 وکٹ لئے ہیں اور وہ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔