بنگلور میں وقف جائیداد پرقبضہ کی شکایت

بنگلور۔7اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے میونسپل اڈمنسٹریشن پبلک انٹرپرائیزر اقلیتی بہبود اور اوقاف جناب ڈاکٹر قمر الاسلام نے آج شہر بنگلور کے قلب میں واقع دو اہم ترین اوقافی املاک کا معائنہ کیا ۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ اوقافی املاک پر غیر قانونی قبضہ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ بتایا کہ اوقافی املاک پر غیرقانونی قبضہ چاہے سرکاری ذرائع سے کیا گیا ہو یا غیر سرکاری یا انفرادی وزارت اوقاف اس سلسلہ میں سخت کارروائی کرے گی ۔ ان دونوں اوقافی املاک کے معائنہ کے دوران ریاستی بورڈ آف اوقاف کے چیرمین ڈاکٹر محمد یوسف ‘ اسپیشل آفیسر جناب آر نثار احمد اور ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر جناب عزیز اللہ بیگ بھی موجود تھے ۔ وزیر موصوف نے اپنے معائنہ کے پہلے مرحلہ پر سٹی مارکٹ سے قریب ٹرینٹی سرکل( بابا لائن) پر واقع کروڑہا روپیوں کی مالیت والی املاک کا جائزہ لیا ‘ حالانکہ اس املاک کی ملکیت کمند ان ٹرسٹ کی ہے لیکن حال ہی میں اس املاک پر سٹی کارپوریشن ( بی بی ایم پی ) کے عہدیداروں نے بناکسی قانونی جواز کے اپنا سائن بورڈ نصب کردیا ہے ۔ وزیر اوقاف نے بتایا کہ کمند ان ٹرسٹ کے عہدیداروں اور سٹی کارپوریشن کے سینئر افسروں کا ایک اہم اجلاس بہت جلد طلب کیا جائے گا اور اس املاک کے تحفظ کیلئے مناسب اقدام لیا جائے گا ۔ اسی طرح وزیر موصوف نے شہر کے بڑے مکان پر واقع غیرقانونی قبضوں کا بھی معائنہ کیا اور بتایا کہ اس املاک پر تحفظ میں کوئی کوتاہی ہونے نہیں دی جائے گی ۔