حیدرآباد ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلورو بلاسٹرز نے دہلی ایسرز کو پریمیر بیڈمنٹن لیگ (پی بی ایل) کے سخت مقابلے میں جو یہاں گچی باؤلی انڈور اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، 4-3 سے ہرا دیا ہے۔ بنگلورو کے چیونگ گان یی نے اپنے ویمنس سنگلز میچ میں (جو کل شب آخری و فیصلہ کن مقابلہ رہا) دہلی کی تنوی لاڈ کو سنسنی خیز انداز میں 11-9، 6-11، 11-2 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو دو کلیدی پوائنٹس دلائے اور یہ بنگلورو بلاسٹرز کیلئے ٹرمپ میچ ثابت ہوا۔ عالمی رینک 20 کی حامل یی سے آسان جیت درج کرانے کی توقع تھی لیکن غیرمعروف تنوی نے سخت مزاحمت پیش کی۔ 57 ویں درجہ کی حامل تنوی نے پہلے سٹ میں سخت مقابلہ کیا اور سکنڈ سٹ تو جیت لیا۔ تنوی کی سکنڈ سٹ میں جیت نے دہلی کیلئے امیدیں جگا دیئے تھے کیونکہ یہ فیصلہ کن میچ تھا، لیکن یی نے اَپ سٹ کے امکان مسترد کردیا اور تیسرا سٹ 11-2 سے جیت گئی۔ قبل ازیں پہلے مینس سنگلز میچ میں بنگلور کے وکٹر ایگزلسن نے دہلی کے جان او جرگنسن کو 11-9، 11-9 سے ہرایا۔ مکسڈ ڈبلز میں دہلی کی جوالا گٹہ جوڑی کو 6-11، 6-11 سے ناکامی ہوئی۔