کولکتہ ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کپتان لکشمی رتن شکلا نے ناقابل تسخیر 53 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے سابق چمپیئن بنگال کی سید مشتاق علی ٹرافی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں آسام کے خلاف 44 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ یہاں انڈین گارڈن میں منعقدہ مقابلہ میں شکلا نے50 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 7 چوکے لگائے اور ان کے ہمراہ ارنب نندی نے 28 رنز بناتے ہوئے ناٹ آوٹ رہنے کے علاوہ کپتان کے ہمراہ 15 گیندوں میں 38 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کی بدولت اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز اسکور کئے۔
فی اوور 8 رنز سے زائد سے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے آسام کی ٹیم 20 اوورس میں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اشوک ڈنڈا نے آخری اوور میں دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کو آل آوٹ کیا۔ فاتح ٹیم کیلئے عامر غنی نے 18 رنز کے عوض 3 جبکہ سوریشیش لہری نے 22 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اس طرح بنگالی اسپنرس نے مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے کیریئر کا پہلا مقابلہ کھیلنے والے عامرغنی نے متاثرکن مظاہرہ کیا جیسا کہ انڈر 19 ٹیم میں اپنی بولنگ مظاہروں سے متاثر کرنے والے اس اسپنر نے ابتدائی دو اوورس میں دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کو مشکلات میں ڈالا۔