مرکزی قیادت کو واقف کرادیا گیا ، ٹی ایم سی سے اتحاد پر پارٹی کے وجود کو خطرہ
کولکاتہ ۔ 13 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کی کانگریس یونٹ ریاست میں آنے والے لوک سبھا انتخابات تنہا لڑنے کے حق میں ہے ، حالانکہ پارٹی ملک کے مختلف حصوں میں مختلف علاقائی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کررہی ہے تاکہ بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکے۔ صدر مغربی بنگال پردیش کانگریس کمیٹی سومین مترا نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اُن کی طرف سے یہ رائے صدر کانگریس راہول گاندھی کو بھیج دی گئی ہے اور اس مسئلہ پر قطعی فیصلہ اے آئی سی سی قیادت کرے گی ۔ کانگریس کو پہلے ہی اس کے کئی منتخب نمائندوں کی ترنمول کانگریس کی طرف چلے جانے کی وجہ سے کاری ضرب لگ چکی ہے ۔ کانگریس قائدین کا کہنا ہے کہ پارٹی کی بنگال یونٹ کے خیال میں سی پی آئی (ایم ) یا ترنمول کانگریس دونوں میں سے کسی کے بھی ساتھ اتحاد پارٹی کے طویل مدتی مفادات میں نہیں ہوگا۔ اس طرح کی صورت میں ریاست میں پارٹی کے وجود کو مزید نقصان پہونچے گا ۔ حالانکہ پارٹی کو کرناٹک اور اُترپردیش میں علاقائی پارٹیوں جے ڈی (ایس ) اور سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کی وجہ سے کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ سومین مترا نے کہاکہ ہمارے صدر پارٹی راہول گاندھی کے ساتھ میری ملاقات کے دوران میں نے واضح کردیا کہ اگر ہم لوک سبھا الیکشن تنہا لڑتے ہیں تو اچھا رہے گا ۔ بھلے ہی ہم بہت زیادہ نشستیں نہ جیت پائیں لیکن ہماری پارٹی کا بنگال میں وجود مستقبل میں بھی برقرار رہے گا ۔ ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کی صورت میں شائد ہمیں چند سیٹیں زیادہ مل جائیں لیکن یہ بھی یقینی ہوجائیگا کہ کانگریس کا بنگال میں وجود ختم ہوجائے گا کیونکہ ٹی ایم سی ہمارے ایم ایل ایز اور منتخب نمائندوں کو اپنی صفوں میں کسی طرح شامل کرلینے کی مشتاق ہے ۔