کراچی۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) تھائی لینڈ ہاکی اسو سی ایشن کے صدر اور ایشین ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر چیا پاک سری وات نے بنکاک میں پاکستان اور ہندوستان کے در میان مارچ2015 میں ہاکی سیریز کے انعقاد کی تجویز دی ہے ،انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری اور ایشین ہاکی فیڈریشن میں اپنے ہم منصب رانا مجاہد علی خان سے ملاقات کی جن کی دعوت پر وہ ان دنوں پاکستان آ ئے ہوئے ہیں۔ تھائی لینڈ ہاکی کے صدر نے کہا کہ وہ پاکستان میں انٹر نیشنل ہاکی مقابلوں کی بحالی کے لئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان میں امن امان کی صورت حال ہماری ٹیم کی آ مد میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی ہے۔ بنکاک میں وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر ایشیائی ٹیموں کا انٹر نیشنل ہاکی ٹور نمنٹ کرانے پر بھی غور کررہے ہیں جس کی آ مدنی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو دے کر اس کے مالی مسائل کو دور کر نے میں مدد دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیسرے مقام پر پاک ہندوستان ہاکی سیریز کے انعقاد کے لئے ہندوستان ہاکی فیڈریشن کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور اس سیریز کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے، اس ضمن میں وہ ہندوستانی ہاکی فیڈریشن کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔