حیدرآباد ۔ 8؍ جولائی ( سیاست نیوز) چندرائن گٹہ علاقہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں رہزنی کے دوران ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب مقبول نگر بارکس کی ساکن ہاجرہ پروین کل رات میں افراد کے خاندان کے ہمراہ راجندرنگر چنتل میں شادی میں شرکت کے بعد اپنے مکان واپس لوٹ رہی تھیں کہ بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں دو نامعلوم موٹر سیکل سوار افراد نے ان کا ہینڈ بیاگ چھین لیا جس میں طلائی زیورات اور چار ہزار نقد رقم موجود تھی ۔ اس واقعہ کے بعد ہاجرہ پروین نے مدد کے لئے چیخ و پکار کی جس پر راہ گیر وہاں جمع ہوئے اور فوری پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی ۔ واقعہ کا پتہ چلنے پر چندرائن گٹہ پولیس کی ایک ٹیم موقع واردات پر پہنچ گئی اور خاتون کا بیان قلمبند کیا ۔ چندرائن گٹہ پولیس نے بتایا کہ رہزنوں کی نشاندہی کے لئے علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کاتجزیہ کیا جا رہا ہے ۔ اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔