بمرا نے ٹوئنٹی20 میں عماد وسیم سے پہلا مقام چھین لیا

بیٹسمینوں میں کوہلی کو پہلامقام

آل راـؤنڈرس میں شکیب سب سے آگے

دبئی۔یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی ٹوئنٹی20 درجہ بندی میں پاکستانی بولر عماد وسیم پہلے مقام سے محروم ہوگئے کیونکہ ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو ایک درجے ترقی نے سرفہرست بولر بنا دیا۔ افغان بولر راشد خان نے تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سموئل بدری نے چوتھا مقام حاصل کرلیا ہے انھیں 2 درجے بہتری ملی جبکہ جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر 2 درجے تنزلی کے باوجود ٹاپ 5میں برقرار ہیں۔پاکستانی اسپنر شاداب خان 21 درجوں کی چھلانگ کے ساتھ 47 ویں مقام پر قابض ہوگئے۔ محمد عامر ترقی کے 21 زینے طے کرکے 49 ویں نمبر پر پہنچے، حسن علی کو10درجے کی ترقی نے 63 ویں مقام کا حقدار بنایا۔بیٹنگ میں بنگلادیش کیخلاف ٹوئنٹی 20 کی تیزترین سنچری بنانے والے جنوبی افریقی اسٹار ڈیوڈ ملر کوایک ہی موقع پر 16 درجے کی چھلانگ نے22 ویں نمبر پر پہنچایا، ہموطن ہاشم آملا بھی ترقی کے 5 زینے طے کرتے ہوئے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، بنگلہ دیشی اوپنر سومیا سرکار 19 درجے ترقی پاکر28ویں ،سری لنکا کے خلاف سیریز کے ہیرو پاکستانی بیٹسمین شعیب ملک 3 درجے ترقی پانے پر 26 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں، ابتدائی 4 مقامات میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی بدستور پہلے مقام پر ہیں، آرون فنچ دوسرے، ایون لوئس نے تیسرے اور کین ولیمسن چوتھے مقام پر فائز ہیں۔ گلین میکسویل ایک درجے ترقی ملنے پر ٹاپ 5کا حصہ بن گئے۔پانچ بہترین آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن، گلین میکسویل، محمد نبی، مارلون سموئلز اور جین پال ڈومنی شامل ہیں۔ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان نے دوسرے مقام مزید مستحکم کرلیا۔پاکستان نے 3 نشانات حاصل کرتے ہوئے نمبرایک نیوزی لینڈ سے فرق کم کرلیا ہے۔ دونوں ملکوں میںاب محض ایک نشان کا فرق رہ گیا۔نیوزی لینڈ اور ہندوستان میں 3 مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز شروع ہوچکی ہے اوراس میں نیوزی لینڈ کی شکست پر پاکستان کے پاس مختصر فارمیٹ کی نمبرون ٹیم بننے کا موقع ہے جبکہ ویسٹ انڈیز تیسرے، انگلینڈ چوتھے، ہندوستان پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلادیش دسویں مقام پر ہے۔
میتھیوز ہندوستانی دورے کیلئے فٹ
کولمبو۔ یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی آل راؤنڈر اینجلو میتھیوزفٹ ہوگئے ہیں اور وہ آئندہ سیریز میں ہندوستان دورے کے لئے سری لنکائی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔سابق کپتان میتھویز پنڈلی کے زخم کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوںکی سیریز میں شامل نہیں ہوسکے تھے لیکن ہندوستان دورے سے قبل انہیں فٹ قراردیا کیا گیا ہے جو سری لنکائی ٹیم کے لئے بڑی راحت ہے ۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے چیف سلیکٹر ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ اینجلو اور کُشال جنتھ پریرا دونوں ہی فٹ ہوگئے ہیں اور وہ ہندوستان دورے کے لئے سلیکشن کے عمل میں دستیاب رہیں گے ۔ اس کے علاوہ اسیلا گنارتنے بھی فٹ ہیں۔سری لنکا نے یو اے ای میں پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں فتح حاصل کی تھی لیکن محدود اووروں کے سیریز میں اس کی ناقص کارکردگی جاری ہے اور اسے اپنے خری16 ونڈے میچوں میں شکست کو منہ دیکھا پڑا ہے ۔
اس کے علاوہ اسے ہندوستان اور پاکستان کے خلاف ٹونٹی20 سیریز میں بھی وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔سری لنکائی ٹیم کے عبوری کوچ نک پوتھاس نے کہا کہ آپ سوچ سکتے ہیں کہ جب ہم نے اپنے آخری 16 مقابلے ہارے تو ہمارے ذہن کی کیا حالت ہوگی۔ ٹیم میں نئے چہروں کے ساتھ ہمیں آگے اس معاملے پر سلیکٹروں سے بات کرنی ہوگی۔ لیکن ہمیں لگتا ہے کہ جب آپ کو کافی وقت تک منفی نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو تو آپ کو کچھ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ایس ایل سی اگلے برس تک ٹیم کے چیف کوچ کا بھی انتخاب کرسکتی ہے ۔ڈی سلوا نے کہا کہ ہم تین یا چار کوچوں سے بات کررہے ہیں جن میں پوتھاس بھی شامل ہیں۔ ہم اس برس کے آخر تک کسی فیصلے پر پہنچ جائیں گے ۔ سری لنکائی ٹیم16 نومبر سے شروع ہونے والے ہندوستان کے دورے میں تین ٹسٹ اور اتنے ہی ونڈے نیز ٹونٹی20 بین الاقوامی میچ کھیلی گی۔