بمرا اور بھونیشور کو آرام

نئی دہلی۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ہفتہ شروع ہونے والے دو ٹسٹ مقابلوں کیلئے ہندوستانی ٹیم کے سلیکٹر کپتان ویراٹ کوہلی کی ایم آر آئی رپورٹ کے بعد ٹیم کا اعلان کرسکتے ہیں، کیونکہ کپتان کی دستیابی یا عدم دستیابی سے ٹیم کا انتخاب رکا ہوا ہے حالانکہ سلیکٹروں کو چہارشنبہ کو ہی ٹیم کا اعلان کردینا چاہئے تھا لیکن ویراٹ کوہلی کیلئے تاخیر کی گئی ہے۔ ویراٹ کوہلی کا زخم سنگین نوعیت کا نہیں ہے لیکن ان کی دستیابی ایم آر آئی رپورٹ کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ بورڈ کے ذرائع کے بموجب سلیکٹروں نے فاسٹ بولروں کی جوڑی جسپریت بمرا اور بھونیشور کمار کو دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کیلئے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ہندوستانی کیمپ میں یہ خوشخبری ہے کہ اس کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون فٹنس ٹسٹ کامیاب کرچکے ہیں اور وہ ٹسٹ کو دستیاب ہیں۔ جسپریت بمرا اور بھونیشور کمار مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے بعد ہندوستان کو آسٹریلیا کا دورہ بھی کرنا ہے ،اس لئے انہیں آرام دینا کا فیصلہ کیا گیا ۔