بلڈر سے جبری وصولی کی کوشش‘دو افراد گرفتار

حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز) کنچن باغ پولیس نے شہر کے ایک مشہور بلڈر کو مبینہ طور پر دھمکانے اور زبردستی رقم وصولی کی کوشش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سب انسپکٹر مسٹر رمیشور ریڈی نے بتایا کہ ڈریم انڈیا گروپ کے منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر سمیر اسحاق نے ایک شکایت درج کروائی جس میں یہ الزام عائد کیا کہ فلک نما کے ساکن خلیل احمد گگن پہاڑ ویلیج راجندر نگر میں واقع اراضی حاصل کی تھی لیکن اس اراضی کو لیکر خلیل احمد مبینہ طور پر ہراساں اور دھمکانے لگا۔ مسٹر اسحاق نے اپنی شکایت میں پولیس کو یہ بتایا کہ خلیل احمد رقم وصولی کیلئے انہیں ہراساں کررہے ہیں اور جاریہ سال 3 مارچ کو اُن کے کمپنی کے دفتر میں داخل ہوکر ہتھیاروں سے دھمکایا اور انہیں رقم ادا نہ کرنے پر مبینہ طور پر جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی۔ کنچن باغ پولیس نے خلیل احمد اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا تھا اور تحقیقات کے بعد طارق احمد اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا ۔