حیدرآباد /27 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں پیش آئے مختلف واقعات میں چار افراد بلندی سے گرکر فوت ہوگئے ۔ مئے نوشی کے دوران بلندی سے مشتبہ طور پر گر کر ان افراد کی موت ہوگئی ۔ بوئن پلی علاقہ کا ساکن 50 سالہ رمیش جو کار ڈیکوریٹر کا کام کرتا تھا۔ یہ شخص علاقہ میں واقع ایک گارڈن میں ساتھیوں کے ہمراہ مئے نوشی کر رہا تھا کہ حادثاتی طور پر بلندی سے گرکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ شاہ عنایت گنج پولیس کے مطابق 40 سالہ ستیش پردھان جو شاہ عنایت گنج علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ 15 جنوری کو یہ شخص عمارت کی چوتھی منزل سے مشتبہ طور پر گرکر شدید زخمی ہوگیا ۔ جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ نارائن گوڑہ پولیس کے مطابق 24 سالہ وینکٹیش جو یوسف گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔پیشہ سے میستری بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص گذشتہ ماہ نارائن گوڑہ کے علاقہ کنگ کوٹھی میں پیش آئے ایک واقعہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ کنگ کوٹھی کے علاقہ میں ایک زیر تعمیر عمارت میں وہ کام کر رہا تھا کہ بلندی سے مشتبہ طور پر گرکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پنجہ گٹہ پولیس کے مطابق 30 سالہ سرینو جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ آسمان گڑھ علاقہ میں رہتا تھا ۔ پنجہ گٹہ کے علاقہ ایرم منزل میں وہ کام کر رہا تھا کہ بلندی سے مشتبہ طور پر گر پڑا ۔ 21 جنوری کے دن یہ واقعہ پیش آیا ۔ شدید زخمی سرینو کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔