بودھن /30 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدرنشین بلدیہ بودھن مسٹر ایلیا اور کمشنر بلدیہ مسٹر دیویندر نے آج دفتر بلدیہ میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں بلدیہ انتظامیہ اور چیرمین بلدیہ پر کانگریس پارٹی کی طرف سے عائد کردہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ بودھن میں جتنے بھی عارضی تقررات عمل میں آئے وہ تمام کو کونسل کی منطوری حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ سنیٹیشن میں جملہ 330 مزدور درکار ہے لیکن وہاں صرف 178 مستقل مزدور خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں محکمہ برقی میں چھ اور اسراپنٹس کی تقسیم و حساب کتاب درج رجسٹرڈ کرنے پانچ آپریٹرس کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی عملے کی کمی ہے وہاں قانون کے مطابق عارضی مزدوروں کی بھرتی عمل میں لائی جاری ہے ۔ چیرمین و کمشنر نے عارضی ملازمین سے تقررات کیلئے رقم حاصل کرنے کے اپوزینش پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کرتے ہوئے عوام میں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کیلئے برسر اقتدار سیاسی جماعت پر بے تکے الزامات عاید کر رہی ہے ۔ کمشنر بلدیہ نے موجودہ عملے اور درکار عملے کے تعلق سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ شہر میں صاف صفائی و موثر بلدی سہولتیں فراہم کرنے تقریباً 490 مزدوروں کی ضرورت ہے ۔ لیکن صرف 215 مستقل ملازمین موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم اور دیگر اہم تہواروں کے مواقعوں پر چند دنوں کیلئے عارضی تقررات ناگزیر ہوتے ہیں ۔ صدرنشین بلدیہ مسٹر ایلیا نے ان پر صدرنشین بلدیہ اور ازراں فروش کی دوکان چلانے کے عائد کردہ الزامات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک و ریاست میں ایسا کوئی قانون لاگو نہیں ہوا ہے کہ ازراں فروش کی دوکان کے ساتھ چیرمین کا عہدہ ایک شخص سبھالنا ممنوع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موضع درگی کے سرپنچ مسٹر موہن نے پانے سرپنچ کے منتخب ہونے کے بعد انہو ںنے ازراں فروش کی دوکان چلانے سے دستبردار ہونے آر ڈی او بودھن کو عرضی پیش کی تھی لیکن آر ڈی او بودھن نے ان کی عرضی مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ کوئی بھی منتخب قائد پر ازراں فروشی کی دوکان نہ چلانے کی قانون میں کسی قسم کی پابندی نہیں ہے ۔ مسٹر ایلیا نے ادعاء کیا کہ بعض ارکان اسمبلی و وزراء کے نام بھی ازراں فروش کی دوکانیں موجود ہے ۔