بلدیہ کو خود مختار بنانے کی ضرورت

نارائن پیٹ میں سالانہ بجٹ اجلاس سے رکن اسمبلی راجندر ریڈی کا خطاب
نارائن پیٹ۔/18اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ نارائن پیٹ کا سالانہ بجٹ اجلاس کا انعقادعمل میں آیا۔ اجلاس کی صدارت صدر نشین بلدیہ شریمتی انسویا چندر کانت نے کی جبکہ رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر بلدیہ مسٹر سریش نے بلدیہ کا سالانہ بجٹ 2018-19، 6 کروڑ کا فاضل بجٹ پیش کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ نارائن پیٹ بلدیہ کو آمدنی کے ذرائع بڑھانے کے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مرکزی و ریاستی حکومت کی اسکیمات اور فنڈس پر تکیہ کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 کروڑ کا بجٹ نارائن پیٹ بلدیہ کے لئے بہت چھوٹا بجٹ ہے جبکہ نارائن پیٹ بلدیہ کو ستیہ سائی واٹر بورڈ کو برقی بل 2کروڑ ادا شدنی ہے۔ انہوں نے یہ انکشاف کیا کہ پچھلے دس سال سے نارائن پیٹ بلدیہ کے 3 کروڑ روپئے IDSMT اسکیم کے تحت جمع شدہ ہیں جس کا خاطر خواہ اور بروقت استعمال نہ کئے جانے سے جامد رقم برسوں سے پڑی ہوئی ہے۔ اس رقم کو آمدنی بڑھانے کیلئے استعمال کرتے ہوئے بلدیہ کو خود مختار بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ برقی کے عہدیدار کو چوبیس گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا تاکہ نارائن پیٹ ٹاؤن میں پانی کی سربراہی میں برقی رکاوٹ نہ بن سکے۔ اجلاس کے آغاز پر آصفہ مرحوم بچی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس موقع پر ارکان بلدیہ محمد امیر الدین، محمد تقی ، ترنم بیگم، ماروتی، مہادیوی، اکلماں، تاج الدین، راگھورامیہ گوڑ و دیگر موجود تھے۔