ترقیاتی کاموں میں لاپرواہی کے خلاف کانگریس اور بی جے پی ارکان کا زبردست احتجاج
نارائن پیٹ۔/24جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی جے پی اراکین بلدیہ شہر کی ترقی کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ شریمتی گندے انوسویا چیرپرسن بلدیہ نارائن پیٹ کے بلدی اجلاس میں کئے گئے ریمارک پر چراغ پا بی جے پی اور کانگریس کے اراکین بلدیہ نے بلدی اجلاس کے دوران فرش پر بیٹھ کر احتجاج کیا۔ بلدیہ نارائن پیٹ کا اجلاس گندے انوسویا چیرپرسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر بی جے پی اراکین بلدیہ رگھورامیا گوڑ اور پوشل ونود نے مسلسل تین ماہ سے اجلاس کے انعقاد عمل میں نہ لانے پر استفسار کیا جس پر چیرپرسن نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلئے ہی انہوں نے بی جے پی سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے جس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بی جے پی نے ان کے خلاف عدالتوں میں عرضیاں داخل کی تھی جس کے باعث ہی کونسل کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا۔ بی جے پی اور کانگریس نے کہا کہ چیر پرسن ان کاموں کو ثابت کرے جس کو شہر کی ترقی کہا جاتا ہے اور ان کاموں کو بتائے جس میں بی جے پی نے رکاوٹ پیدا کی ہے۔ بی جے پی کے اراکین کا کانگریس کے دو بلدی ارکان نے ساتھ نبھایا جبکہ ٹی آر ایس اور ایم آئی ایم کے دو اراکین نے چیرپرسن کی حمایت کی۔ اجلاس تقریباً ایک گھنٹہ تک تعطل کا شکار رہا۔ بی جے پی نے کہا کہ گزشتہ سال بی جے پی کو یہ اعزاز حاصل رہا۔ اس نے شہریوں کو پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ایک کروڑ27 لاکھ روپئے خرچ سے بذریعہ ٹینکرس پانی کی سربراہی عمل میں لائی تھی۔ اس احتجاج کے سبب اجلاس کے ایجنڈہ میں موجود ایس ایف سی فنڈکیلئے 121 کروڑ روپئے کو منظور نہ کرسکے کیونکہ اس کی تفصیلات اراکین کو بتانے کیلئے کہا گیا۔11 بی جے پی اور 2 کانگریس کے ارکان کی مخالفت کے سبب اس کو منظوری نہ دی جاسکے۔ بعد ازاں بعض ترقیاتی کاموں کے بل اور زیر التواء بلز کی منظوری عمل میں لائی جاسکی۔ اجلاس میں اراکین محمد تقی چاند( مجلس ) امیر الدین ( ٹی آر ایس ) ترنم بیگم ( ٹی آر ایس ) نے بھی بحث میں حصہ لیا۔ اجلاس میں کمشنر بلدیہ سریش بھی موجود تھے۔