بلدیہ سنگاریڈی کے بجٹ اجلاس کا انعقاد

سنگاریڈی۔/30اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ سنگاریڈی کا بجٹ اجلاس چیرمین بلدیہ بی وجئے لکشمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ انچارج کمشنر وینکٹیشورلو کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس میں سنگاریڈی ٹاؤن میں پینے کے پانی کا مسئلہ اور صاف صفائی و کچرے کی نکاسی کا مسئلہ چھایا رہا۔ طویل بحث و مباحثہ کے بعد سال 2016-17 تخمینہ بجٹ 3178.35 کروڑ بجٹ کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا جس میں سے 3161.91 کروڑ خرچ بتایا گیا اور 16.44 لاکھ محفوظ دکھایا گیا۔ انچارج کمشنر بلدیہ سنگاریڈی وینکٹیشورلو نے بتایا کہ سنگاریڈی ٹاؤن میں موسم گرما کے پیش نظر دو ماہ کا ایک ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے سنگاریڈی کے عوام کو موثر طور پر پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کے عوام کو پانی فراہم کرنے والے آبی ذخائر سنگور اور مانجرا خشک ہوجانے کے باعث بلدیہ سنگاریڈی کی جانب سے متبادل انتظامات کرتے ہوئے ٹاؤن کے 31بلدی وارڈس میں جملہ 77 بورویلس ڈالے گئے جن میں 50بورویلس کامیاب رہے۔ عنقریب تین تا چار یوم کے اندر 40 بور موٹرس کی تنصیب عمل میں لاتے ہوئے ٹاؤن کے عوام کو پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ موٹرس کی تنصیب کیلئے ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے ورک آرڈرس جاری کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مزید ضرورت پڑنے پر10 واٹر ٹینکرس کو کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے جہاں ضرورت ہو جنگی خطوط پر پانی سربراہ کیا جائے گا۔ محمد ناظم الدین رکن بلدیہ نے شکایت کی کہ سنگاریڈی فلٹر بیڈ میں پانی فلٹر نہیں کیا جارہا ہے جس کی جانچ ضروری ہے، اس کو فوری لیاب روانہ کرتے ہوئے اس کی جانچ کرواکر پانی سربراہ کیا جائے گا۔ فلٹر بیڈ میں پانی کے عدم فلٹر کی وجہ سے عوام کئی ایک امراض میں مبتلاء ہورہے ہیں۔ انہوں نے مچھر کش فاگنگ مشین کے ذریعہ ٹاؤن میں مچھر کش چھڑکاؤ کروانے کا مطالبہ کیا۔ رکن بلدیہ بی پاشاہ نے موریوں پر کلورٹ کی فوری تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا اور اپنے وار میں کچرے کی عدم نکاسی پر احتجاج کیا۔ محمد یعقوب علی رکن بلدیہ نے انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے بور کنکشن دینے کے مطالبہ پر مسئلہ کو طول دیا جارہا ہے جس سے متعلقہ وارڈ اپر بازار کے عوام کو پینے کے پانی کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے جس پر انچارج کمشنر نے متعلقہ عہدیدار کو مسئلہ کی یکسوئی کی سختی سے ہدایت دی۔ انچارج کمشنر نے کہا کہ سنگاریڈی بلدیہ میں تقریباً جائیدادیں مخلوعہ ہیں جس کی وجہ سے بھی ٹاؤن کے عوام کو بہتر انداز میں خدمات انجام دینے سے قاصر ہیں۔ عنقریب 6 آٹوز اور ٹریکٹرس کیلئے ٹنڈر طلب کیا جارہا ہے اس کے بعد ٹاؤن کے 31وارڈس میں صاف صفائی و کچرے کی نکاسی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 72ترقیاتی کاموں کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں بہت جلد ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ محمد اعجاز احمد ناظم الدین، شیخ عارف، یعقوب علی، بی ملیش، بی پاشاہ اور شیوڈو اراکین بلدیہ نے بحث میں حصہ لیا۔ جبکہ اجلاس میں شبانہ بیگم، ثمینہ، غوثیہ بیگم، وائس چیرمین گوردھن نائیک کے علاوہ دھرما ریڈی ڈپٹی انجینئر کے علاوہ دیگر بلدی عہدیدار موجود تھے۔