للی، فرانس ، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بلجیم کے سائیکلسٹ انٹونی ڈیموٹی فرانس کے شہر للی میں جینٹ ویویلجم سائیکل ریس کے دوران موٹرسائیکل سوار سے ٹکرانے کے بعد ہلاک ہوگئے۔ 25 سالہ ڈیموٹی بلجیم کی سائیکلسٹ ٹیم وینٹی گوبرٹ کے رکن تھے۔ نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈیموٹی بلجیم میں جاری جینٹ ویویلجم ریس میں شریک تھے۔ جب وہ فرانس کے شمالی علاقے میں داخل ہوئے تو ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا جس کے بعد انھیں قریبی شہر للی کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ فرانسیسی پولیس کے ترجمان فریڈیرک ایوارارڈ نے کہا کہ سائیکل سوار ہلاک ہوگئے ، اور اس کا سبب بننے والے حالات کا تعین کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سائیکلنگ کی عالمی تنظیم یونین آف سائیکلسٹ انٹرنیشنل کے صدر برائن کوکسن نے کہا کہ بلجیم کے سائیکلسٹ کی حادثے میں موت کی خبر افسوسناک ہے۔ تنظیم اس حادثے کے حوالے سے تحقیقات میں ہر ممکن مدد کرے گی۔ رواں ماہ کے اوائل فرانسیسی سائیکلسٹ 23 سالہ رومین گیوٹ بھی حادثے کی نذر ہوگئے تھے۔ 243 کلومیٹر کی اس ریس میں سلوواکیہ کے پیٹر سیگا نے کامیابی حاصل کی جبکہ نیدرلینڈز کی چینٹل بلاک نے ویمنز ریس میں84 سکنڈ کے فرق سے مقابلہ اپنے نام کیا۔