بھونیشور۔17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں بلجیئم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ورلڈ کپ کی 3 مرتبہ کی فاتح ٹیم نیدرلینڈزکو شکست دے کر ہاکی کا نیا عالمی چمپئن بن گیا۔ بھونیشور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں بلجیئم کی ٹیم نے نیدرلینڈز کی ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2۔3 سے شکست دی۔ میچ کے مقررہ وقت 60 منٹ میں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہیں کرسکی جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر مقابلہ ہوا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں نیدرلینڈز نے پہلے گول کرنے کا موقع حاصل کیا اور جیرون ہیرٹز ٹیم کے لئے ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جس کے بعد بلجیئم کی جانب سے آرتھر ڈورن نے کمان سنبھالی لیکن گول کرنے میں ناکام ہو ئے۔نیدر لینڈز کے مائیکرو رائسر اور بلجیئم کے فیلکس ڈینائیر پنالٹی شوٹ آؤٹ کئے لیکن گول کرنے میں ناکام ہوئے۔ اس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کا تیسرا گول نیدرلینڈز کے جوناس ڈی گیوس نے کیا جس کے بعد اسکور 0-2 ہوگیا۔بلجئم نے تیسرے گول کے لئے کمان سنبھالی تو فلورنٹیو ٹیم کو پہلا گول دلانے میں کامیاب ہوئے۔نیدر لینڈز کی جانب سے سیو نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئے لیکن بیلجیئم کے وکٹر ویگنیز نے ٹیم کے لئے دوسرا گول اسکور کیا جس کے بعد میچ 2-2 سے برابر ہوگیا۔ تاہم پینالٹی شوٹ آؤٹ کے آخری موقع میں مقابلہ مزید دلچسپ اور سخت ہوا اور نیدر لینڈز کے تھیجس وان ڈیم اور بلجیم کے آرتھر نے گول ضائع کردیے جس کے بعد میچ 2-2 سے برابر رہا۔ پنالٹی شوٹ پر بھی میچ کا فیصلہ نہیں ہوسکا جس کے باعث پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سڈن ڈیتھ سیشن ہوا جس میں نیدر لینڈز گول نہیں کرسکا اور بلجیئم کے کھلاڑی نے گول کرکے ٹیم کو پہلی مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ میں کامیابی دلا کر نیا عالمی چمپئن بنادیا۔ اس سے قبل ہاکی ورلڈ کپ 2018 کی تیسرے مقام کے لئے منعقدہ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 1-8 سے شکست دی ۔