بلا خوف و خطر حق رائے دہی سے استفادہ کریں

کڑپہ ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ضلع کلکٹر کڑپہ کوناشش دھر نے رائے دہندوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے کڑپہ میں 3 کلومیٹر رن کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں بڑے پیمانے پر عوام نے شرکت کی ۔ یہ رن میونسپل اسٹیڈیم سے شروع ہو کر براہ اپسرا تھیٹر کوٹی ریڈی سرکل پر اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقع پر کلکٹر کوناشش دھر نے رائے دہندوں سے اپنا ووٹ بلاخوف استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں ووٹ کی ہی اہمیت ہوتی ہے ۔ جسے سوچ سمجھ کر استعمال کرنا چاہئے ۔ ووٹ کا استعمال ہر فرقہ و مذہب کے ووٹر بلا خوف روک ٹوک کرسکتا ہے ۔ ضلع میں رائے دہی کو صد فیصد کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں ضلع میں صرف 60 فیصد رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا تھا جسے بڑھا کر صد فیصد کرنا ضروری ہے ۔ اس لیے ضلع انتظامیہ نے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے کئی شعور بیداری پروگرامس منعقد کئے ہیں جس میں سے 3 کلومیٹر دوڑ کا یہ منفرد پروگرام بھی شامل ہے ۔ تاکہ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کی اہمیت کو سمجھ کر صد فیصد رائے دہی کو یقینی بناسکیں ۔ مواضعات کے مقابلہ میں شہروں میں رائے دہی کا تناسب بہت کم ہوتا ہے شہروں کے رائے دہندے اپنے ووٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں جس سے جمہوریت کا استحکام ہوتا ہے ۔

ریاست کی تاریح میں پہلی مرتبہ 5 مختلف انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ جس کے پرامن و منصفانہ انعقاد کے لیے ضلع بھر میں 30 ہزار سرکاری عملہ خذمات انجام دے رہا ہے ۔ مسٹر کوناشش دھرنے رائے دہندوں سے اپنا ووٹ بے خوف ہو کر استعمال کرنے کی خواہش کی ۔ ضلع ایس پی مسٹر اشوک کمار نے کہا کہ ضلع میں بلدی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے وسیع پیمانے پر پولیس کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ انتخابی عمل کے دوران 2800 پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ پولنگ مراکز سے ایک سو میٹر کی دوری تک 144 دفعہ لگایا گیا ہے ۔ ضلع میں جملہ 640 پولنگ مراکز حساس قرار دیئے گئے ہیں ان پولنگ مراکز پر خصوصی نگاہ رکھی گئی ہے ۔ وسیع پولیس کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ اے پی ایس پی پولیس کی خصوصی ایک کمپنی کو انتخابی عمل میں تعینات کیا گیا ہے ۔ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے سب انسپکٹر کی قیادت میں 84 موبائیل پارٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ انسپکٹروں کی قیادت میں 27 اسٹرائیکنگ فورس ، ڈی ایس پی عہدیداروں کی قیادت میں 20 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ جو تمام انتخابی عمل کو پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کریں گے ۔ مسٹر اشوک کمار نے کسی بھی قسم کی بے قاعدگیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ عوام سے پرامن رائے دہی میں شامل ہونے کی خواہش کی ۔۔