بغیر نقدی لین دین کی عادت ڈالنی چاہیئے

کریم نگر میں آٹو ڈرائیورس کے شعور بیداری پروگرام سے رکن اسمبلی کی مخاطبت
کریم نگر۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بغیر نقدی خرید و فروخت کی عادت ڈال لیں تو کافی سہولت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار کریم نگر کے رکن اسمبلی گنگولا کملاکر نے آٹو ڈرائیورس کے بغیر نقدی لین دین پر شعور بیداری پروگرام میں کیا۔ ضلع کلکٹر سرفراز احمد کی زیر صدارت آر ٹی او، پولیس اور بینک عہدیداروں کے تعاون سے یہ پروگرام کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ موبائیل فون جب مارکٹ میں نیا نیا آیا تھا اس کے استعمال سے بھی لوگ واقف نہیں تھے لیکن اب موبائیل فون انسان کیلئے ایک ضروری شئے بن گئی ہے اسی طرح بغیر نقدی لین دین کے آغاز میں تھوڑی بہت تکلیف ہوگی لیکن آہستہ آہستہ لوگ اس کے عادی ہوجائیں گے۔ اس طریقہ کار سے چوری کا ڈر بھی نہیں رہے گا۔ سرفراز احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کے بعد مرکزی حکومت بغیر نقدی لین دین کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جو لوگ اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہیں انہیں بغیر نقدی لین دین میں کوئی دشواری نہیں ہوگی اور بغیر نقدی لین دین کا طریقہ کار سب کیلئے سہولت بخش ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے بعد ایپ کا استعمال کافی سود مند ہوگا۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے کہا کہ بغیر نقدی لین دین کا استعمال ہر کوئی سیکھ لینا چاہیئے۔ پولیس کمشنر کملاسن ریڈی نے کہا کہ بغیر نقدی لین دین میں دھوکہ دہی کا ڈر اور خوف نہیں رہتا اس کا طریقہ کار پاور پوائنٹ کے ذریعہ پیش کیا گیا اور استعمال تمام آٹو ڈرائیورس کو سمجھا یا گیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر ششانک ، ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر ایم جی ونود کمار، اے سی پی راما راؤ، ٹرانسپورٹ آفسیرس رجنی دیوی، اے سرینواس، ناگا لکشمی موجود تھے۔