بغداد میں سنی قبائلی لیڈر کا قتل

بغداد 14 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بغداد میں آج کئے گئے ایک حملہ میں ایک سنی قبائلی لیڈر اور دوسرے 7 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس حملہ کے بعد وہاں فرقہ واری کشیدگی میں مزید اضافہ کے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے دو کاروں کے ایک قافلہ پر حملہ کیا جس میں شیخ قاسم سویدن الجنابی اور ان کے بھانجے رکن پارلیمنٹ زید الجنابی موجود تھے ۔ زید الجنابی کو حملہ آوروں نے بعد میں رہا کردیا تاہم قبائلی لیڈر قاسم سویدن الجنابی اور ان کے فرزند کے بشمول چھ افراد کو ہلاک کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ بندوق برداروں نے ایک فرضی چیک پوائنٹ قائم کرتے ہوئے قافلہ کو روکا تھا اور سب کو یرغمال بنالیا تھا بعد میں رکن پارلیمنٹ کو رہا کردیا گیا اور دوسروں کو صدر سٹی کی جانب لے گئے اور انہیں ہلاک کردیا گیا ۔ ان کی نعشیں شمالی بغداد میں الندا مسجد کے قریب سے دستیاب ہوگئیں۔