بغداد میں بم دھماکے 7 افراد بشمول بچے ہلاک

بغداد ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عراقی پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بغداد کی ایک پرہجوم سڑک پر بم دھماکوں کی وجہ سے کم از کم 7 افراد بشمول دو بچے ہلاک ہوگئے۔ یہ بم دھماکے آج صدر سٹی میں ہوئے تھے۔ عہدیدار کے بموجب بم دھماکے ضلعی حکومت کے دفتر کے قریب کئے گئے حملوں سے کم از کم 18 افراد بشمول 4 بچے زخمی ہیں۔ کسی نے بھی اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ بغداد میں تقریباً روزانہ بم دھماکے کئے جاتے ہیں۔ ان کا نشانہ عراقی فوج اور پولیس ہوا کرتی ہے۔ حملوں کی ذمہ داری اکثر دولت اسلامیہ تنظیم نے قبول کی ہے جو شمالی اور مغربی عراق کے علاقوں پر قابض ہے۔ مبینہ طور پر دولت اسلامیہ تنظیم نے عراق اور شام کے ایک تہائی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔